اتوار، 24-مئی،2026
اتوار 1447/12/07هـ (24-05-2026م)

خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے 5 اضلاع کے متاثر ہونے کا خدشہ، الرٹ جاری

31 مارچ, 2026 14:27

پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئرز پگھلنے اور جھیلیں پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر 5 حساس اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اپر، سوات اور اپر کوہستان میں موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیئرز پگھلنے کا امکان ہے، جس سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات جنم لے سکتے ہیں۔

اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے چترال، سوات اور دیر سمیت 5 اضلاع کی انتظامیہ کو پیشگی تیاریوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری وارننگ سسٹم کو فعال رکھیں اور خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء کی مشقیں کرائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے میں جانی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کی تباہی، 11 افراد جاں بحق

پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں مقیم آبادی کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ندی نالوں کے قریب نقل و حرکت سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔

سیاحوں اور مسافروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان حساس بالائی اضلاع کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو چوبیس گھنٹے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شاہراہوں کی بندش کی صورت میں این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او جیسے اداروں سے قریبی رابطے میں رہنے کو کہا گیا ہے۔

انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر انخلاء مراکز کو تمام ضروری سہولیات سے لیس رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مقامی آبادی کو وہاں فوری منتقل کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔