جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کی تباہی، ہلاکتوں کی تعداد سات ہوگئی، فصلیں اور باغات برباد

03 اپریل, 2026 13:13

بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا رکھی ہے، جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ بارشوں سے مکانات، فصلوں اور مویشیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

صوبہ بلوچستان میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری طوفانی بارشوں نے انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں اور انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات، خصوصاً چھتیں اور دیواریں گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے، جبکہ چار افراد شدید زخمی ہیں۔

ضلع کچھی میں سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے، جہاں سو سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں اور پھلوں کے باغات اور تیار فصلیں مکمل طور پر برباد ہو گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کی شکایات میں ریکارڈ کمی کا دعویٰ

رپورٹ کے مطابق سو سے زائد مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے، جبکہ صوبے کے تیئیس ڈیمز بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

چمن میں ایک خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا، جب خواتین اور بچوں سمیت اٹھارہ مسافروں سے بھری ایک وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی، تاہم خوش قسمتی سے ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

پی ڈی ایم اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر جمالی کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن پوری تندہی سے جاری ہے اور متاثرین کو خیمے، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔

بارشوں کے باعث مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جس سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔