کراچی کے لاکھوں طلبہ ایڈمٹ کارڈز سے محروم، امتحانات ایک ہفتہ مؤخر کرنے کا مطالبہ

گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز نے ایڈمٹ کارڈز کی عدم دستیابی اور نامکمل انتظامات کی وجہ سے امتحانات ایک ہفتہ موخر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
کراچی میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہونے کو ہے لیکن ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے انکشاف کیا ہے کہ کثیر تعداد میں اسکولوں کے ایڈمٹ کارڈز تاحال پورٹل پر اپ لوڈ نہیں ہو سکے ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ، والدین اور اسکول انتظامیہ شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔
الائنس کے مطابق، امتحانی مراکز تاحال فائنل نہیں ہو سکے اور نہ ہی امتحانی سامان کی تقسیم مکمل ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں پرسکون ماحول میں امتحان لینا ناممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی کے تفریحی مقامات غیر محفوظ، سی ویو پر ڈکیتی کی سنگین واردات
ایسوسی ایشن نے وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ اسماعیل راہو سے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی شیڈول کو فوری طور پر ایک ہفتے کے لیے آگے بڑھایا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ چار لاکھ بچوں کا مستقبل کسی ایک شخص کی انا کی بھینٹ نہیں چڑھایا جانا چاہیے۔ نامکمل انتظامات اور اندھا دھند بنائے گئے امتحانی مراکز تعلیمی عمل کے ساتھ ایک مذاق ہیں۔
الائنس نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ آج شام چار بجے اپنے آئندہ کے سخت لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










