بدھ، 15-اپریل،2026
بدھ 1447/10/27هـ (15-04-2026م)

کراچی کے تفریحی مقامات غیر محفوظ، سی ویو پر ڈکیتی کی سنگین واردات

05 اپریل, 2026 14:41

کراچی کا مشہور تفریحی مقام سی ویو بھی اب شہریوں کے لیے محفوظ نہیں رہا، جہاں ایک تازہ واردات میں متعدد افراد کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔

روشنیوں کے شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی لہر اب سمندر کے کنارے تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ رات سی ویو کے ساحل پر چنکی منکی کے قریب مسلح ڈکیتوں نے سیر و تفریح کے لیے آنے والے شہریوں کو اپنا نشانہ بنایا۔

ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے اسلحے کے زور پر وہاں موجود افراد سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لیں اور باآسانی فرار ہو گئے۔ متاثرہ شہریوں میں کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن (سی آر اے) کے رکن زبیر شبیر بھی شامل ہیں، جنہیں ان کے ساتھیوں سمیت لوٹ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ریکارڈ توڑ بارش سے اکتالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سات افراد جاں بحق

واردات کے وقت ساحل پر کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے، تاہم مسلح ملزمان کی بے خوفی نے پولیس کے حفاظتی دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ متاثرین کے مطابق ملزمان نے انتہائی تیزی سے واردات کی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، مگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور نہ ہی لوٹا گیا سامان برآمد ہو سکا ہے۔

ساحل پر آنے والے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سی ویو جیسے عوامی مقامات پر پولیس کی پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے تاکہ لوگ خوف کے بغیر تفریح کر سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔