تہران پر امریکی و اسرائیلی بمباری سے پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس چیف شہید

تہران پر امریکہ اور اسرائیل کے وسیع تر فضائی حملوں میں پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس آرگنائزیشن کے سربراہ شہید ہو گئے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں اور سویلین آبادی پر بمباری سے درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ایران کے دارالحکومت تہران پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے دائرہ کار میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے انٹیلیجنس آرگنائزیشن کے سربراہ مجید خادمی شہید ہو گئے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ انٹیلیجنس چیف ان فضائی حملوں کے دوران نشانہ بنے۔
گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ان حملوں نے تہران کے مشرقی، مغربی اور جنوبی حصوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ شمالی حصوں میں بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ نے امریکی برتری کے خاتمے کا آغاز کردیا، عالمی نظام میں بڑی تبدیلی کے آثار
ان حملوں میں تعلیمی اداروں کو بھی دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس میں تہران کی معروف شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پر ہونے والا حملہ سب سے زیادہ تباہ کن ثابت ہوا ہے۔
وزیرِ سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے مطابق اب تک ملک بھر کی تیس سے زائد جامعات ان فضائی حملوں کی زد میں آ چکی ہیں۔ موصول ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تعلیمی اداروں اور سویلین انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
تہران کے علاوہ دیگر کئی شہروں میں بھی امریکی اور اسرائیلی بمباری جاری ہے، جس میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں معصوم شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
ایران کی عسکری قیادت نے ان حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائی کا اشارہ دیا ہے۔ جوائنٹ ملٹری ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران خاموش نہیں بیٹھے گا اور دشمن کو اس سے کہیں زیادہ سخت اور کچل دینے والا جواب دیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









