مریم نواز کا آئی جی پنجاب کو کرپٹ پولیس اہلکاروں کی چھانٹی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات اور کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف انتہائی سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ بدعنوانی کے لیے بدنام پولیس افسران کو کسی بھی صورت ایس ایچ او تعینات نہ کیا جائے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب کو واضح ڈیڈ لائن دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر محکمہ پولیس میں موجود کرپٹ عناصر کی چھانٹی کا عمل مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کے خلاف بڑا فیصلہ، اسکریپ کرنے کا نیا قانون نافذ
مریم نواز نے لاہور میں بچوں اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر مکمل قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پنجاب پولیس کو جدید باڈی کیمروں سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ قیدیوں کی وین میں جی پی ایس اور کیمرے لگانے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ جس ضلع میں بھی جرائم کی شرح زیادہ ہوگی، وہاں کے ڈی پی او سے براہ راست بازپرس کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بچے اور خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کا جرم بلکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









