جنگ بندی ایران کے خلاف امریکہ کی بڑی فتح ہے، وائٹ ہاؤس کا دعویٰ

وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف حالیہ مہم کو امریکی فوج اور صدر ٹرمپ کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امریکہ نے محض اڑتیس دنوں میں اپنے تمام فوجی مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے ایک بیان میں حالیہ جنگ بندی کو امریکہ کی بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب صدر ٹرمپ اور امریکی فوج کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے شروع میں ہی اندازہ لگایا تھا کہ یہ جنگ چار سے چھ ہفتے چلے گی اور آج اڑتیس ویں دن امریکہ نے واشنگٹن کے تمام بنیادی عسکری اہداف نہ صرف حاصل کر لیے ہیں بلکہ ان سے تجاوز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نتین یاہو کی صدر ٹرمپ کے سیز فائر کے فیصلے کی حمایت، لبنان میں جنگ بندی سے انکار
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کی کامیابی نے مذاکرات کے لیے بہترین ماحول پیدا کیا، جس کی وجہ سے صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم سخت شرائط پر بات چیت کرنے کے قابل ہوئی اور اب سفارتی حل اور طویل مدتی امن کا راستہ کھل گیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے کو صدر ٹرمپ کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
دوسری جانب ایران کی نیشنل سیکورٹی کونسل نے بالکل مختلف بیانیہ اپنایا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اس لیے راضی ہوا ہے کیونکہ جنگ کے تقریباً تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق انہوں نے اسلام آباد میں مذاکرات کا فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ میدانِ جنگ میں ملنے والی فتح کو سیاسی مذاکرات کے ذریعے مستحکم کیا جا سکے۔ دونوں ممالک کے ان متضاد دعوؤں نے اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ مذاکرات کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









