پیر، 24-اگست،2026
پیر 1448/03/11هـ (24-08-2026م)

کشیدگی کم کرنے کی کوشش، شام کے وزیر خارجہ اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کی ملاقات

24 اگست, 2026 09:07

شام کے وزیر خارجہ اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے، شام نے مسلسل اسرائیلی حملوں پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ایک عالمی معلوماتی ادارے نے دو باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ شائع کی ہے کہ شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اہم ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شدید کشیدگی کو کم کرنے کی ایک کوشش کے طور پر کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ رومن گوفمین اور اسعد الشیبانی کے درمیان ابتدائی گفتگو 14 اگست کو ہوئی تھی، جس کے چند ہی دنوں بعد شام کے ابو الظہور ایئر بیس پر 8 اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے تھے۔

شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ابو الظہور ایئر بیس پر حملے کے بعد تمام تر رابطے اور سیکیورٹی مذاکرات معطل ہو گئے تھے۔

تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ شام اور اسرائیل کے درمیان سیکیورٹی مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہوں گے، لیکن ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل حملوں اور شامی سرزمین پر قبضے کی وجہ سے دمشق کو اسرائیلی ارادوں پر شدید خدشات اور عدم اعتماد ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شام پر اسرائیلی حملہ، موساد کی ناپختگی یا ترکیہ سے تصادم کی دانستہ کوشش؟

الشیبانی نے زور دے کر کہا کہ شام سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے لیکن اسرائیل کے حملوں کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے اسرائیل پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے اور بات چیت شروع کرے۔

شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل محض طاقت کے زور پر سیکیورٹی حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے اور اب بھی علاقائی استحکام کی امید موجود ہے لیکن اسرائیل پر بھروسہ کرنا انتہائی مشکل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل شام اور اسرائیل کے درمیان سیکیورٹی ترتیبات پر کافی پیش رفت ہو چکی تھی اور زیادہ تر شقوں پر اصولاً اتفاق ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدے کے تحت اسرائیل کو شام پر حملے روکنا ہوں گے اور 2024 میں سابق صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد قبضے میں لیے گئے تمام شامی علاقوں سے واپس نکلنا ہو گا، جبکہ جنوبی شام میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں بفر زون بنایا جائے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔