ایران امریکہ جنگ بندی، مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت اور عوام کا پاکستان کی سفارتکاری پر اظہارِ تشکر

مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت اور عوام نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے میں پاکستان کے کلیدی اور تاریخی کردار کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔
عالمی امن کے قیام اور ایران امریکہ کشیدگی کو ختم کرانے کے حوالے سے پاکستان کی حالیہ مؤثر سفارتکاری نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور سیاسی قیادت کے دل جیت لیے ہیں۔
مقبوضہ وادی سے تعلق رکھنے والے اہم ترین سیاسی رہنماؤں نے پاکستان کی ان کوششوں کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے، جن کی بدولت دنیا ایک بڑی جنگ کے دہانے سے واپس آئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے اپنے ایک اہم بیان میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے میں وہ کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا ہے، جو دنیا کا کوئی دوسرا ملک انجام دینے میں ناکام رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا حقیقی داعی ہے۔
جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی پاکستان کے اس کردار کو انتہائی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو ایک بڑی تباہی اور جنگ سے بچانے کا سہرا پاکستان کے سر جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا افغانستان پر انحصار ختم، ایران کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں تک برآمدات کا آغاز
اسی طرح حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی ان مخلصانہ امن کوششوں کے مثبت اثرات نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے پر مرتب ہوں گے اور اس سے علاقائی استحکام کو تقویت ملے گی۔
رکنِ پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے بھی پاکستان کی ثالثی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ اور عالمی امن کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا ہے۔
کشمیری عوام کی جانب سے اس عظیم سفارتی کامیابی اور امریکہ ایران جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
کشمیریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ عالمی تنازعات کے حل میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔
عالمی ماہرینِ سیاسیات کا بھی یہی ماننا ہے کہ اس حالیہ کامیابی کے بعد پاکستان عالمی منظرنامے میں ایک حقیقی نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر ابھرا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی قیادت کے یہ حالیہ بیانات اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ کشمیر اور پاکستان کے درمیان رشتہ اٹوٹ ہے اور کشمیری آج بھی پاکستان کو اپنی شہ رگ اور اپنا سب سے بڑا ہمدرد تصور کرتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










