وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان جدہ میں طویل اہم ملاقات

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی پیش رفت اور اسلام آباد میں منعقدہ تاریخی مذاکرات کے نتائج پر اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب کے اپنے سرکاری دورے کے دوران جدہ میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گرمجوش اور دوستانہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال، مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے حالیہ واقعات میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم دورے پر روانہ
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی قیادت میں مملکت کی جانب سے دکھائے گئے مثالی صبر اور تحمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران میں سعودی قیادت کا یہ رویہ تمام امن پسند لوگوں کے لیے حوصلے کا باعث بنا ہے۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی ان مخلصانہ امن کوششوں کے بارے میں تازہ ترین تفصیلات سے آگاہ کیا، جن کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور حال ہی میں اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی مذاکرات کا دور منعقد ہوا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس امن عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔
دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل اور بھرپور حمایت پر ولی عہد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض روایتی نہیں بلکہ دونوں ممالک اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت ایک دوسرے کے دفاعی شراکت دار ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے تمام امور پر مستقبل میں بھی قریبی تعاون جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












