جمعرات، 16-اپریل،2026
جمعرات 1447/10/28هـ (16-04-2026م)

صارفین خبردار!!! موبائل کی ایک چھپی سیٹنگ آپ کا بینک اکاؤنٹ خالی کرسکتی ہے

16 اپریل, 2026 14:00

حالیہ دنوں میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا اور خطرناک فراڈ سامنے آیا ہے، جس نے سیکیورٹی ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

 بظاہر ایک سادہ سی سیٹنگ جسے عام طور پر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں، اب ہیکرز کے لیے بڑا ہتھیار بن چکی ہے۔ اس طریقے سے فراڈیے نہ صرف آپ کی کالز بلکہ بینک سے آنے والے اہم او ٹی پیز تک بھی رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔

اس فراڈ کو “کال فارورڈنگ اسکیم” کہا جا رہا ہے۔ اس میں ہیکرز خود کو بینک افسر، موبائل کمپنی کا نمائندہ یا کسی کورئیر سروس کا ملازم ظاہر کرتے ہیں۔ وہ صارف کو کال کر کے یقین دلاتے ہیں کہ اس کے نمبر یا اکاؤنٹ میں کوئی مسئلہ ہے جسے فوری حل کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد وہ ایک مخصوص کوڈ ڈائل کرنے کا کہتے ہیں۔

اکثر صارفین لاعلمی یا جلد بازی میں یہ کوڈ ڈائل کر دیتے ہیں۔ جیسے ہی کوڈ ڈائل کیا جاتا ہے، فون کی کال فارورڈنگ سیٹنگ فعال ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد آنے والی کالز اور میسجز کسی دوسرے نمبر پر منتقل ہونے لگتے ہیں۔ اس عمل میں سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ صارف کو اس کا فوری علم بھی نہیں ہوتا۔

ماہرین کے مطابق جب کال فارورڈنگ آن ہو جاتی ہے تو بینک کی تصدیقی کالز اور او ٹی پیز بھی ہیکرز کو ملنے لگتے ہیں۔ اس طرح وہ آسانی سے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر کے رقم نکال سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی ہیک ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ فراڈ اس لیے بھی خطرناک ہے کیونکہ اس میں کوئی ایپ انسٹال نہیں کرنی پڑتی اور نہ ہی صارف کو براہِ راست او ٹی پی شیئر کرنا ہوتا ہے۔ سب کچھ خاموشی سے ہو جاتا ہے اور اکثر صارف کو نقصان کے بعد ہی پتہ چلتا ہے۔

ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے فون کی کال فارورڈنگ سیٹنگ ضرور چیک کریں۔ اس کے لیے #21# یا #62# ڈائل کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی نامعلوم نمبر ظاہر ہو تو فوری طور پر اسے ہٹا دیں۔ اسی طرح ##002# ڈائل کر کے تمام کال فارورڈنگ سیٹنگز کو بند کیا جا سکتا ہے۔

صارفین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نامعلوم کال پر اعتماد نہ کریں۔ اگر کوئی شخص کوڈ ڈائل کرنے کا کہے تو فوراً کال بند کر دیں۔ اپنی ذاتی معلومات، او ٹی پی یا پن کو ہرگز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ اگر کسی قسم کا فراڈ ہو جائے تو فوری طور پر سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کریں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔