کراچی میں آج 6 سیاروں کا نایاب فلکیاتی منظر دیکھا جاسکے گا

کراچی: آج آسمان پر 6 سیاروں کا نایاب فلکیاتی منظر دیکھنے کا موقع ملے گا۔ سپارکو کے ماہرین کے مطابق مشتری، عطارد، مریخ، زحل، یورینس اور نیپچون طلوع آفتاب سے قبل ایک ہی سمت میں دکھائی دے سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ منظر سورج طلوع ہونے سے تقریباً 45 سے 60 منٹ قبل مشرقی افق پر دیکھا جاسکے گا۔ تاہم سیاروں کو دیکھنے کے لیے موسم اور آسمان کی صاف صورتحال بھی اہم ہوگی۔
ماہرین نے بتایا کہ مریخ، زحل اور مشتری کو عام آنکھ سے دیکھا جاسکے گا، جبکہ عطارد مشرقی افق کے انتہائی قریب ہونے کے باعث نسبتاً مشکل سے نظر آئے گا۔
یورینس اور نیپچون کی مشاہدے کے لیے ٹیلی اسکوپ یا مناسب دوربین کی ضرورت ہوگی۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فلکیاتی منظر دیکھنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں مشرقی افق پر عمارتوں یا دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے رکاوٹ نہ ہو۔
سپارکو کے ماہرین کے مطابق آسمان پر سیاروں کا ایک قطار میں دکھائی دینا دراصل زمین سے مشاہدے کے زاویے کا نتیجہ ہے۔ خلا میں یہ تمام سیارے حقیقتاً ایک سیدھی لائن میں موجود نہیں ہوتے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











