جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

فون فروخت یا مرمت پر دینے سے پہلے یہ کام ضرور کریں، پی ٹی اے کی اہم ہدایت

12 اگست, 2026 12:05

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل فون فروخت کرنے، کسی دوسرے شخص کو دینے یا مرمت کے لیے بھیجنے سے قبل ذاتی اور حساس معلومات کے تحفظ کے لیے اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

پی ٹی اے کے مطابق اسمارٹ فونز میں ذاتی تصاویر، کانٹیکٹس، پیغامات، دستاویزات، پاس ورڈز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت حساس معلومات موجود ہوتی ہیں۔ معمولی سی لاپرواہی کے باعث یہ ڈیٹا غیر متعلقہ افراد تک پہنچ سکتا ہے، جس سے صارفین کی پرائیویسی متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔

پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ فیکٹری ری سیٹ کرنے سے قبل صارفین اس بات کو یقینی بنائیں کہ موبائل فون میں موجود تمام ڈیٹا مکمل طور پر انکرپٹڈ ہو۔ انکرپشن کے بعد فون کو فیکٹری ری سیٹ کرنا چاہیے تاکہ ذاتی معلومات تک رسائی کے امکانات کم کیے جاسکیں۔

اتھارٹی کے مطابق فون کو پہلی مرتبہ فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد اس میں غیر ضروری یا عام نوعیت کی ویڈیوز اور تصاویر دوبارہ منتقل کی جاسکتی ہیں، جس کے بعد فون کو دوبارہ فیکٹری ری سیٹ کیا جائے۔ اس عمل سے پرانے ذاتی ڈیٹا کی بحالی کے امکانات مزید کم ہوجاتے ہیں۔

پی ٹی اے نے صارفین کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ فون سے فائلیں حذف کرنے سے قبل اہم تصاویر، کانٹیکٹس، دستاویزات اور دیگر ضروری ڈیٹا کا محفوظ بیک اپ ضرور لیا جائے۔ بیک اپ کے لیے کلاؤڈ اسٹوریج یا ہارڈ ڈرائیو سمیت کسی محفوظ ذریعے کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

موبائل فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے سے قبل صارفین کو اپنا سم کارڈ اور ایکسٹرنل میموری کارڈ بھی لازمی نکال لینا چاہیے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ چند منٹ کی یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے شہری اپنے ذاتی اور حساس ڈیٹا کو چوری ہونے اور پرائیویسی کی ممکنہ خلاف ورزی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔