جمعرات، 16-اپریل،2026
جمعرات 1447/10/28هـ (16-04-2026م)

کراچی میں ٹریفک اور جرائم کی نگرانی کیلئے جدید فیس لیس مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح

16 اپریل, 2026 14:39

آئی جی سندھ نے کراچی ٹریفک پولیس کے جدید مانیٹرنگ سسٹم ٹریکس کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے تحت ڈرونز اور روبوکارز کے ذریعے شہر کی ٹریفک اور جرائم کی نگرانی کی جائے گی۔

کراچی میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ٹریفک پولیس کے نئے مانیٹرنگ سسٹم ٹریکس کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جس میں کارپوریٹ سیکٹر اور پولیس کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور بریفنگ کے دوران بتایا کہ کراچی کی سڑکوں پر چلنے والی ستر لاکھ گاڑیوں کی نگرانی روایتی طریقے سے ممکن نہیں رہی تھی، اسی لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں 16 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات نے دو بہنوں سمیت 6 افراد کی جان لے لی

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں مہلک ٹریفک حادثات کی شرح نوے ماہانہ تک پہنچ گئی ہے، جو اوسطاً تین یومیہ بنتی ہے، جبکہ پانچ ہزار اہلکار روایتی پولیسنگ کے لیے ناکافی تھے۔

نئے سسٹم کے تحت شہر میں ایک ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید دو ہزار کیمرے لگانے کا منصوبہ ہے۔

پہلی بار ٹریکس ڈرون اور روبوکارز یونٹ متعارف کرایا گیا ہے، جو 20 ہزار سے زائد بڑی گاڑیوں میں نصب ٹریکنگ سسٹم کی مدد سے نگرانی کریں گے۔ 32 سیکشنز میں اہلکاروں کو جدید ٹیبلیٹس فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ ای چالان کا عمل شفاف بنایا جا سکے۔

آئی جی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی مدد سے جرائم میں 30 سے 40 فیصد کمی آئی ہے اور جرائم کی نشاندہی میں ستر فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے سابق آئی جی غلام نبی میمن کی خدمات کا بھی اعتراف کیا اور اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے حیدرآباد میں بھی اس جدید سسٹم کا آغاز کر دیا جائے گا۔ آئی جی سندھ نے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کا بھی حکم دیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔