جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

ہری پور میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہولناک آتشزدگی، 8 افراد جاں بحق

17 اپریل, 2026 14:49

ہری پور میں گیس کی مین پائپ لائن پھٹنے سے لگنے والی ہولناک آگ نے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کی زندگیوں کا چراغ گل کر دیا۔

ہری پور کے صنعتی علاقے حطار انڈسٹریل ایریا میں گیس کی مین پائپ لائن اچانک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے شعلوں اور دھوئیں کے بادلوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جس سے وہاں موجود لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کے عمل کا آغاز کیا، تاہم آگ کی شدت اور تپش اتنی زیادہ تھی کہ اس پر بروقت قابو پانا ممکن نہ ہو سکا اور ایک گھر کے اندر موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔

یہ بھی پڑھیں : مچھ کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس سے تین کانکن جاں بحق ہوئے، ڈی سی

ریسکیو ذرائع کے مطابق اس المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین کمسن بچے، دو بچیاں، دو معمر خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔

اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی کیونکہ ایک ہی گھر کے اتنے زیادہ افراد کی بیک وقت موت نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہزارہ نے اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، جو اس بات کا تعین کرے گی کہ گیس لائن کے پھٹنے کی وجوہات کیا تھیں اور کیا اس میں کسی قسم کی غفلت شامل تھی۔

جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کر دی گئی ہے، جبکہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات مکمل کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔