امریکی ناکہ بندی ناکام، ایرانی بحری آبنائے ہرمز سے کامیابی سے گزر گیا

امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود ایران کا مال بردار بحری جہاز شجاع دو کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر کے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔
ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ ایک ایرانی تجارتی بحری جہاز شجاع دو نے امریکی بحری ناکہ بندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آبنائے ہرمز کو کامیابی سے عبور کر لیا ہے۔
یہ جہاز بندر عباس کے قریب شہید رجائی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا اور اس وقت بھارت کی کانڈلا بندرگاہ کی جانب گامزن ہے۔
ناکہ بندی کے دوران ایرانی جہاز کا یہ پہلا سفر نہیں ہے، بلکہ اس سے قبل الیشیا نامی آئل ٹینکر بھی اس تزویراتی گزرگاہ سے گزر چکا ہے۔
حالیہ دنوں میں یہ تیسرا ایرانی ٹینکر ہے، جس نے امریکی پابندیوں اور ناکہ بندی کے باوجود یہ راستہ عبور کیا ہے، جو ایران کی مسلسل سمندری سرگرمیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی سینیٹرز نے ایرانی اسکول پر حملے پر امریکی وزیر جنگ سے جواب طلب کرلیا
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی بحری ناکہ بندی کو پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے اسے ایک مجرمانہ فعل اور انسانیت کے خلاف جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کی کوشش ہے۔
اسی تناظر میں ایران کے مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر نے خلیج عمان میں ایک اور ایرانی جہاز طوسکا پر امریکی حملے کے جواب میں ضروری اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ناکہ بندی کو مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے، جس پر ٹرمپ نے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












