حیدرآباد میں ریلوے پٹری ٹوٹ گئی، ٹرین کے ڈرائیور کی حاضر دماغی سے بڑا حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد کے قریب گدو چوک پر ریلوے ٹریک اچانک ٹوٹ جانے کے باعث ایک بڑی تباہی ٹل گئی۔ مال بردار ٹرین کے ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو ٹریک کی دراڑ سے پہلے ہی روک لیا۔
حیدرآباد میں ریلوے کے نظام میں سنگین کوتاہی اس وقت سامنے آئی جب گدو چوک پرانی وحدت کالونی کے قریب ریلوے ٹریک اچانک دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب ایک مال بردار ٹرین اسی ٹریک سے گزرنے والی تھی۔ خوش قسمتی سے ٹرین کے ڈرائیور نے بروقت ٹریک کی خرابی کو بھانپ لیا اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی بریک لگا کر گاڑی کو روک لیا، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور کروڑوں روپے کے نقصان سے بچت ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں : لودھراں : ہینڈ فری لگا کر ریلوے پٹڑی پر گیم کھیلنے والا نوجوان ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق، ایک زخمی
اگر ٹرین اس ٹوٹی ہوئی پٹری سے گزرتی تو مال گاڑی کے پٹری سے اترنے اور الٹنے کے شدید خطرات موجود تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کی تکنیکی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام کا آغاز کیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی مرمت مکمل کرنے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت کو بحال کر دیا گیا ہے۔ پٹری ٹوٹنے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، تاہم ریلوے انتظامیہ نے اس حوالے سے اعلیٰ سطحی انکوائری شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ تھا یا ٹریک کی دیکھ بھال میں غفلت برتی گئی تھی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








