بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

وزیراعظم شہباز شریف کا جنگ بندی میں توسیع پر امریکی صدر سے اظہارِ تشکر

22 اپریل, 2026 08:38

وزیراعظم نے ایران امریکہ کشیدگی کے تناظر میں جنگ بندی کی مدت بڑھانے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے سفارتی فتح قرار دیا ہے اور تنازع کے مستقل حل کی امید ظاہر کی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع کے فیصلے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا باضابطہ شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک خصوصی پوسٹ میں کہا کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے صدر ٹرمپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں، جنہوں نے سفارتی کوششوں کو موقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی درخواست کو قبول کیا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی دھمکیوں کے تحت مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پورے اعتماد اور بھروسے کے ساتھ اس تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے اس اہم موڑ پر امید ظاہر کی کہ اب دونوں فریقین یعنی امریکہ اور ایران جنگ بندی کی مکمل پاسداری کریں گے تاکہ معاملات مزید خراب نہ ہوں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں فریقین کسی مستقل حل پر پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

وزیراعظم نے ایک جامع امن معاہدے کی ضرورت پر زور دیا، جس کے ذریعے اس دیرینہ تنازع کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔