جمعہ، 24-اپریل،2026
جمعہ 1447/11/07هـ (24-04-2026م)

ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ، پیک آورز میں لوڈ شیڈنگ کا اعلان

24 اپریل, 2026 15:14

ملک بھر میں بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے اور ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث پاور ڈویژن نے پیک آورز میں لوڈ مینجمنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے گزشتہ رات پیک ٹائم یعنی زیادہ طلب کے اوقات میں دو گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں بہتری آئی ہے اور گزشتہ رات پیک آورز میں ہائیڈل پاور کی پیداوار 5800 میگاواٹ رہی۔

تاہم، ملک کو اس وقت ایل این جی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث 5500 میگاواٹ کی صلاحیت رکھنے والے پاور پلانٹس بجلی پیدا کرنے سے قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیک آوورز کے علاوہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ؛ وزیر توانائی اویس لغاری

پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے تحت بجلی کی بندش کی جا رہی ہے، جس کا پیک آورز میں کی جانے والی عمومی لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ایل این جی کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی اور پن بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا، تو رات کے اوقات میں ہونے والا یہ شارٹ فال مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

فی الوقت صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پیک اوقات میں بجلی کا استعمال کم کریں تاکہ سسٹم پر بوجھ کم ہو سکے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بچا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔