شاہراہِ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لیے بند

چلاس کے قریب پہاڑی تودہ گرنے کے باعث شاہراہِ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی اہم ترین شاہراہ، شاہراہِ قراقرم، چلاس کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لیے مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔
گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ تھور نالہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں پہاڑ سے بڑا تودہ گرنے کی وجہ سے سڑک کا ایک بڑا حصہ ملبے تلے دب گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت
واقعے کے فوری بعد پولیس نے شاہراہِ قراقرم کے اس حصے کو ہر قسم کی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے لیے بند کرنے کی تصدیق کی ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف مسافر بسوں، مال بردار ٹرکوں اور نجی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، جس کی وجہ سے سیکڑوں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے مسافر بسوں کے اڈوں، ٹیکسی اسٹینڈز اور مختلف چیک پوسٹوں کو پہلے ہی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کو مزید آگے نہ بھیجیں۔
ترجمان گلگت بلتستان پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سڑک سے ملبہ ہٹانے اور فوری بحالی کے لیے بھاری مشینری موقع پر پہنچا دی گئی ہے اور کام تیزی سے جاری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










