بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر بیرسٹر گوہر کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے اور وکلاء سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس کی سماعت میں بیرسٹر گوہر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیل حکام سے بھی جواب طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس کی بندش اور جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، جہاں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نامور وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے۔
دوران سماعت سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل حکام نے ابھی تک ان کا وکالت نامہ دستخط کرا کے واپس نہیں دیا، جس کی وجہ سے انہیں قانونی پیروی میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم وہ اس کیس کو بغیر پیروی کے نہیں چھوڑنا چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں : 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں نمٹا دی گئیں
عدالت نے استفسار کیا کہ بانی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی گئی، جس پر اسٹیٹ کونسل کو جواب دینے کی ہدایت کی گئی۔ سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ جس ایکس اکاؤنٹ کا ذکر ہو رہا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کا ذاتی اکاؤنٹ ہے۔
عدالت نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔
ساتھ ہی بانی سے سلمان اکرم راجہ کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں جیل حکام کو بھی اپنی پوزیشن واضح کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے تمام فریقین کو پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








