بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

سندھ کابینہ کے بڑے فیصلے، موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں توسیع

05 مئی, 2026 12:26

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم کابینہ اجلاس میں عوامی ریلیف سے متعلق بڑے فیصلے کیے گئے۔ جس میں پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کو 31 مئی 2026 تک توسیع دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں مختلف ترقیاتی اور مالی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفرااسٹرکچر سیس ترمیمی قانون دو ہزار چھبیس پر پیشرفت پر غور کیا گیا اور جاری قانونی تنازعات کو جلد حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سو بتیس درخواست گزار تصفیہ معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں جبکہ اٹھارہ ارب روپے سے زائد کی بینک گارنٹیز وصول کی جا چکی ہیں۔

اجلاس میں مقدمات واپس لینے اور تصفیے کی آخری تاریخ تئیس اگست دو ہزار چھبیس تک بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ واجبات کی ادائیگی اقساط میں کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تحت جولائی اور اکتوبر دو ہزار چھبیس اور جولائی دو ہزار ستائیس میں پندرہ فیصد فی قسط ادا کیا جائے گا، جبکہ باقی رقم دو ہزار اٹھائیس سے سہ ماہی اقساط میں جمع کرائی جائے گی۔ جلد ادائیگی کرنے والوں کے لیے صفر اعشاریہ اسی فیصد رعایت بھی مقرر کی گئی ہے۔

عوامی ریلیف کے تحت موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کے لیے مئی کے مہینے میں دو ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکام کے مطابق پانچ لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ اب تک ایک ارب چھانوے کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔

اجلاس میں موٹر سائیکل کیب سروسز کے لیے سیلز ٹیکس میں بھی بڑی کمی کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیکس کی شرح پانچ فیصد سے کم کرکے دو فیصد کر دی گئی ہے، جس سے آن لائن ڈرائیورز کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے سالانہ ایک سو بیس ملین روپے کے مالی اثرات مرتب ہوں گے اور چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والے افراد کو نمایاں فائدہ حاصل ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔