نصیر آباد میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، صحبت پور کو گیس کی فراہمی معطل

نصیر آباد میں نامعلوم تخریب کاروں نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ہے، جس کے باعث صحبت پور کے متعدد علاقوں کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر منقطع ہو گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں تخریب کاری کی ایک واردات میں نامعلوم افراد نے گیس کی پائپ لائن کو نشانہ بنایا ہے۔
لیویز اور پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ نصیر آباد کے علاقے صحبت پور میں پیش آیا، جہاں زیر زمین گزرنے والی گیس پائپ لائن کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ چھ انچ قطر کی پائپ لائن بری طرح متاثر ہوئی اور اسے شدید نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کی مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں دھماکے کے پیچھے تین ملکوں کی فنڈنگ اور ٹریننگ کا انکشاف
اس تخریبی کارروائی کے نتیجے میں صحبت پور اور اس کے گردونواح کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی فوری طور پر معطل ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کئی علاقوں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔ دوسری جانب گیس حکام کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پائپ لائن میں موجود گیس کے دباؤ کو روک دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ جیسے ہی سیکیورٹی کلیئرنس ملے گی، ٹیکنیکل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کریں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












