بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

وزیر اعظم کا امریکی صدر کے پروجیکٹ فریڈم روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم

06 مئی, 2026 14:55

وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں پروجیکٹ فریڈم روکنے کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے واشنگٹن کی جانب سے حالیہ تزویراتی فیصلے پر اپنا اہم ردعمل جاری کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اقدام کو سراہا ہے، جس کے تحت پروجیکٹ فریڈم کو روک دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں واضح طور پر کہا کہ وہ اس منصوبے کو معطل کرنے پر امریکی صدر کے مشکور ہیں کیونکہ اس اقدام سے آبنائے ہرمز جیسے حساس عالمی بحری گزرگاہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے سخت مؤقف نے ٹرمپ کو پروجیکٹ فریڈم کی معطلی پر مجبور کیا، سرکاری میڈیا

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اس مؤقف پر قائم رہا ہے کہ تمام بین الاقوامی مسائل کا حل بندوق کی گولی کے بجائے سفارت کاری اور تعمیری مکالمے میں پوشیدہ ہے۔

شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اہم پیش رفت سے نہ صرف خطے میں امن، استحکام اور باہمی مفاہمت کی امیدیں پیدا ہوں گی بلکہ یہ قدم ایران اور امریکہ سمیت تمام متعلقہ فریقین کے درمیان ایک پائیدار اور طویل مدتی معاہدے کی راہ بھی ہموار کرے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی ایسی صورتحال کا حامی نہیں جو عالمی معیشت اور علاقائی امن کو داؤ پر لگا دے، اس لیے ایسے اقدامات جن سے جنگی بادل چھٹ جائیں، پوری عالمی برادری کے لیے اطمینان کا باعث ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن و آشتی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔