جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

ایران نے روس اور چین میں بھی امریکی جاسوسوں کی نشاندہی کی، مصطفیٰ پور محمدی

07 مئی, 2026 13:37

مصطفیٰ پور محمدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ روس اور چین میں موجود امریکی جاسوسوں کے نیٹ ورک کو بھی تباہ کیا، جس کی مثال عالمی سطح پر نہیں ملتی۔

ایران کے سابق وزیر اطلاعات اور صدارتی امیدوار مصطفیٰ پور محمدی نے ایک انٹرویو میں امریکی خفیہ ایجنسی ’سی آئی اے‘ کے خلاف ایرانی انٹیلی جنس کی غیر معمولی کامیابیوں پر سے پردہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے دو مختلف ادوار میں امریکہ کو ایسے انٹیلی جنس جھٹکے دیئے ہیں، جن کی مثال روس یا چین جیسے بڑے ممالک کے پاس بھی موجود نہیں ہے۔

مصطفیٰ پور محمدی کے مطابق امریکہ کے خلاف پہلا بڑا معرکہ سال 1988 اور 89 کے دوران لڑا گیا، جب ایرانی سپریم لیڈر کی قیادت میں ایک وسیع امریکی جاسوسی نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اس کامیابی پر ایرانی قیادت کی جانب سے متعلقہ حکام کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے دوران جنگ مشرق وسطیٰ میں 228 امریکی تنصیبات تباہ کیں، واشنگٹن پوسٹ

سابق وزیر اطلاعات نے اپنی گفتگو میں حالیہ چند برسوں کے دوران ہونے والی ایک اور بڑی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سی آئی اے کے نیٹ ورک پر لگنے والی اب تک کی سب سے بڑی ضرب تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے جتنی بڑی تعداد میں امریکی جاسوسوں کی نشاندہی کی، اتنی بڑی کارروائی نہ روس کر سکا اور نہ ہی چین۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے نہ صرف اپنی حدود میں بلکہ دیگر ممالک میں موجود امریکی جاسوسوں کا بھی سراغ لگایا۔

مصطفیٰ پور محمدی نے انکشاف کیا کہ ایران نے چین اور روس کو ان کے اپنے ممالک میں موجود امریکی جاسوسوں کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کیں اور بتایا کہ یہ افراد امریکی ایجنسیوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس تعاون کے نتیجے میں ایران کا ان ممالک کے ساتھ انٹیلی جنس کے شعبے میں بہترین اشتراک عمل بھی رہا۔

انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کی وجہ سے ایران کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شدید نفرت، کینہ اور وحشیانہ حملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا ایران کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو سائبر کے شعبے میں ایک انتہائی طاقتور اور باصلاحیت ادارے کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔