جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

بھارت میں اسرائیلی تعاون سے مشترکہ فضائی اور زمینی ریڈار فیکٹری پر کام کا آغاز

07 مئی, 2026 13:53

بھارت اور اسرائیل نے ریاست تمل ناڈو میں جدید ریڈار فیکٹری کے قیام پر کام شروع کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ ’میک ان انڈیا‘ وژن کے تحت بنگلور کی نجی کمپنی اور اسرائیلی دفاعی ادارے کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس جدید ترین ریڈار فیکٹری کو بنگلور میں قائم نجی دفاعی کمپنی ’ڈی سی ایکس سسٹمز‘ اور اسرائیلی سرکاری ادارے ’اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز‘ (آئی اے آئی) کے ذیلی ادارے ’ایلٹا سسٹمز‘ کے مشترکہ منصوبے ’ایل ٹی ایکس سسٹمز‘ کے تحت چلایا جائے گا۔

اس منصوبے کا مقصد بھارتی حکومت کے ’میک ان انڈیا‘ وژن کو تقویت دینا اور ملک میں مقامی سطح پر جدید دفاعی ساز و سامان کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔

تمل ناڈو کے علاقے شولا گیری انڈسٹریل زون میں واقع یہ پلانٹ اپریل 2027 تک مکمل ہونے کی امید ہے، جہاں جدید ترین ریڈارز کی تیاری، ان کی انٹیگریشن اور ٹیسٹنگ کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔

اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بواز لیوی نے اس سنگ میل کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیکٹری بھارتی حکومت کی خود انحصاری کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاست منی پور میں آزادی کی تحریکیں زور پکڑ گئیں، کرفیو نافذ، انٹرنیٹ سروس معطل

انہوں نے کہا کہ یہ مرکز نہ صرف مینوفیکچرنگ بلکہ معیار اور سیکیورٹی کے سخت ترین بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے بھارتی انجینئرز اور ماہرین کو جدید ترین اسرائیلی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی۔

اس فیکٹری میں تیار کیے جانے والے ریڈارز میں فضائی اور زمینی دونوں طرح کے دفاعی نظام شامل ہوں گے، جو بھارتی مسلح افواج کے مختلف پروگراموں کی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اس منصوبے کے تحت نہ صرف دفاعی آلات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ بھارت اب غیر ملکی درآمدات پر اپنا انحصار کم کرنے کے قابل ہو سکے گا۔

ریڈار سسٹم کی مقامی تیاری سے بھارتی بحریہ، فضائیہ اور بری فوج کو بروقت جدید آلات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے ملکی سرحدوں کی نگرانی کا نظام مزید مستحکم ہوگا۔

اس مشترکہ منصوبے کو بھارت اور اسرائیل کے درمیان طویل مدتی دفاعی تعاون کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید پیچیدہ اور ہائی اینڈ دفاعی سسٹمز کی تیاری کی راہ ہموار کرے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔