پاکستان نے بھارت کو چار گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، عطاء تارڑ

عطاء اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ بھارت اب تک اس کے اثرات سے باہر نہیں نکل سکا اور عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خصوصی خطاب کیا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی اس تاریخی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے کیونکہ اس معرکے میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔
انہوں نے گزشتہ برس قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس وقت واضح کر دیا تھا کہ آج ہم سیاسی تقسیم سے مبرا ہیں اور اب دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دینے کا وقت آ گیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے زور دے کر کہا کہ کامیابی صرف قومی اتحاد و اتفاق سے ہی ممکن ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم کو بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر منفرد فتح سے نوازا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ کر رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری
وفاقی وزیر نے کہا کہ رافیل طیارے گرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کا غرور بھی خاک میں مل گیا اور پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ دشمن کو ایسا مؤثر جواب دیا گیا کہ وہ محض چار گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا اور بھارت کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے ترجمان ٹی وی اسکرینوں پر شکست خوردہ دکھائی دیئے۔
انہوں نے اس کامیابی کا سہرا وزیراعظم کے وژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ جنگی حکمت عملی کے سر باندھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ‘فتح میزائلوں’ کے حملے دشمن برداشت نہ کر سکا اور شکست تسلیم کرنے کے بعد بھارت نے سیز فائر کے لیے منت سماجت شروع کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا پاکستان کو امن کی علامت کے طور پر دیکھتی ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عالمی سطح پر تنہا ہو چکے ہیں۔
بیانیہ کی جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس محاذ پر بہترین کوآرڈینیشن موجود رہی اور وہ خود ڈی جی آئی ایس پی آر سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں تھے۔
انہوں نے بین الاقوامی میڈیا پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا اور اس عمل میں پاکستانی میڈیا اور صحافیوں کے ذمہ دارانہ کردار کو تاریخی قرار دیا۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے لاہور اور ملتان کی بندرگاہوں کی تباہی جیسے مضحکہ خیز دعوے کر کے اپنی جگ ہنسائی کروائی۔
وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا صارفین اور ‘جنریشن زی’ کی بھی تعریف کی جنہوں نے میمز کے ذریعے جنگ کو ایک نئی جہت دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی پیشہ ورانہ قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











