معرکہ حق روایتی نہیں، بلکہ حرمت اور بقا کی جنگ تھی، وائس ایڈمرل فیصل عباسی

وائس ایڈمرل فیصل عباسی کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا، جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، یہ پاکستان کی بقا کی جنگ تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک ایسی تاریخی فتح نصیب ہوئی، جس نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ملیا میٹ کر دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق محض ایک روایتی جنگی فتح نہیں تھی بلکہ یہ وطنِ عزیز کی حرمت، تقدس اور بقا کی جنگ تھی، جسے افواجِ پاکستان نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ لڑا۔
وائس ایڈمرل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کی جارحیت کا نہ صرف منہ توڑ جواب دیا، بلکہ اسے ایسا سبق سکھایا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت کی جنگ روایتی نہیں، بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر
وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ضبط و تحمل اور باہمی احترام کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے، تاہم ملک کی سلامتی، آزادی اور دفاع پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحری بیڑے نے سمندری حدود کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا اور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔
وائس ایڈمرل نے مزید کہا کہ جب بھی وطن پر مشکل وقت آتا ہے، پاکستانی عوام اپنی افواج کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں، جو ہماری اصل طاقت ہے۔
علاقائی استحکام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس ایڈمرل نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن برقرار رکھنے کے لیے سفارتی محاذ پر کلیدی اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے تقریب میں شرکت پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور معرکہ حق کے تمام شہداء اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ پاکستان اپنی سمندری حدود اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








