اتوار، 10-مئی،2026
اتوار 1447/11/23هـ (10-05-2026م)

پاک بھارت کی جنگ روایتی نہیں، بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

10 مئی, 2026 11:23

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دشمن کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح کو اللہ کا فضل اور قومی اتحاد کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر دشمن کو عبرتناک شکست دی جائے گی۔

راولپنڈی میں معرکہ حق یعنی آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہر پاکستانی کے لیے باعثِ افتخار ہے، کیونکہ ٹھیک ایک سال قبل مئی 2025 میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی عوام اور مسلح افواج نے وہ تاریخی فتح حاصل کی، جس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سے 10 مئی تک دشمن نے پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی حدود کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کی تھی، جس کا جواب پوری قوم نے متحد ہو کر اور جدید عسکری طاقت کے ذریعے دشمن کو کچل کر دیا۔

فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دو ملکوں یا دو فوجوں کے درمیان محض ایک روایتی جنگ نہیں تھی بلکہ یہ دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا، جس میں اللہ کے حکم سے سچائی کی فتح ہوئی اور باطل کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے قرآن پاک کی آیت مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حق آ گیا اور باطل مٹ گیا، اور یقیناً باطل مٹنے ہی والا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی یہ جارحیت کوئی اچانک واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ ان کی پرانی چالوں کا تسلسل تھا، جن میں وہ جھوٹے آپریشنز کے ذریعے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، لیکن ہر بار انہیں منہ کی کھانی پڑی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہندوستان کا خواب ہے، وہ پاکستان کوعسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، بھارت طاقت کے زعم میں خطے پر بالادستی کے خواب دیکھ رہا تھا، لیکن وہ بھول گیا کہ اس کے خواب اس کی اوقات اور صلاحیت سے کہیں بڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ کر رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ معرکہ صرف میدان جنگ میں ہی نہیں بلکہ ملکی قومی سطح پر تمام شعبہ جات میں جیتا گیا۔ پوری قوم دفاع وطن میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی، جب بھارتی میزائل گرے تو عوام کا جم غفیر ملک کے دفاع کے لیے امڈ آیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہمارے شیر دل شاہینوں نے دور حاضر کی سب سے طویل نتیجہ خیز جنگ کی مثال قائم کی اور دشمن کے جدید جنگی جہاز زمین بوس کیے، تنصیبات کو تباہ کیا، اور دشمن کے طیاروں کو زمین تک محدود کر دیا، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس کی قیمت آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا۔

انہوں نے شہدائے معرکہ حق، خاص طور پر نہتی خواتین اور بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہماری آزادی کی ضمانت اور قوم پر قرض ہیں۔

عاصم منیر نے کہا کہ فتح میزائلوں اور شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، الحمد اللہ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں ہونگے، بلکہ انتہائی خطرناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آج ایک مؤثر قیادت کے طور پر عالمی سطح پر ابھرا ہے، جہاں امریکہ اور ایران جیسی طاقتیں بھی پاکستان کی ثالثی پر اعتماد کرتی ہیں۔ لبنان میں جنگ بندی اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں فیلڈ مارشل نے افغانستان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

انہوں نے عہد کیا کہ ہر پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی اور پاکستان آزاد فلسطین کے حصول تک اپنی کوششیں ترک نہیں کرے گا۔

انہوں نے صدر، وزیراعظم اور تمام سیاسی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی بصیرت سے پاکستان کو یہ عظیم فتح نصیب ہوئی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔