امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے سے اسرائیل کو تشویش

اسرائیل میں ٹرمپ اور ایران کے درمیان ممکنہ جزوی معاہدے پر گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی حکام کا خیال ہے کہ اس عارضی مفاہمت سے ایران کو مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
اسرائیل کی سیاسی اور عسکری قیادت میں اس وقت شدید بے چینی پائی جا رہی ہے کیونکہ یہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایک جزوی یا عارضی معاہدہ کرنے کے قریب ہیں۔
اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اعلیٰ حکام کو خدشہ ہے کہ یہ معاہدہ تہران کو اپنا جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی اور خطے میں اپنے حامی گروہوں کی سرپرستی برقرار رکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اسرائیل کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی سے اسے اربوں ڈالر کے مالی فوائد حاصل ہوں گے، جو خطے میں اسرائیل کے مفادات کے خلاف استعمال ہو سکتے ہیں۔
اسرائیلی حکام اس ممکنہ ڈیل کو بدترین منظرنامہ قرار دے رہے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک اس میں ایران سے افزودہ یورینیم کو مکمل طور پر ہٹانے یا مستقبل میں دوبارہ افزدوگی روکنے کی کوئی ٹھوس ضمانت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان میں اسرائیلی بربریت جاری، تازہ فضائی حملوں میں مزید 39 افراد شہید
اسرائیلی سیکیورٹی اداروں کا ماننا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات کی نگرانی کا مجوزہ نظام نہایت محدود ہوگا، جو ایران کو خفیہ طور پر اپنی ایٹمی صلاحیت بڑھانے سے نہیں روک سکے گا۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران سے بہت جلد مثبت جواب کی توقع ہے، کیونکہ تہران اب شدت سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ایک ترمیم شدہ تجویز پیش کی ہے، جو تین مراحل پر مشتمل ایک مفاہمتی یادداشت ہے نہ کہ کوئی جامع امن معاہدہ۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں جنگ اور کشیدگی کا باضابطہ خاتمہ، دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز کے بحران کا حل اور امریکی پابندیوں میں نرمی، جبکہ تیسرے مرحلے میں تیس دن کی مذاکراتی مدت تجویز کی گئی ہے، جس میں ایران کے جوہری پروگرام پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
اسرائیل کا خیال ہے کہ یہ عارضی ڈھانچہ ایران کو وقت فراہم کرے گا اور اس کے اصل عزائم کو ختم کرنے میں ناکام رہے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












