گرین پاکستان انیشی ایٹو، جدید جینیاتی ٹیکنالوجی سے لائیو اسٹاک میں نمایاں پیشرفت

گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے ہزاروں ایکڑ بنجر زمین کو آباد کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔
پاکستان کی زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت جدید ترین جینیاتی ٹیکنالوجی اور کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافے اور لائیو اسٹاک کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈیزی پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر دانش صالحین نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ادارہ اس وقت 6500 ایکڑ سے زائد رقبے پر جدید زراعت اور لائیو اسٹاک کے بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔
ڈاکٹر دانش صالحین کے مطابق ان کی ٹیم رکھ غلاماں میں 2000 ایکڑ جبکہ بہاولپور میں 4500 ایکڑ پر مشتمل منصوبے کامیابی سے مکمل کر چکی ہے۔
اس منصوبے کی سب سے اہم خصوصیت آئی وی ایف ٹیکنالوجی اور جدید نسلوں کے ایمبریوز کا استعمال ہے، جس کے ذریعے عام کسانوں کو انتہائی کم لاگت میں اعلیٰ نسل کے جانور فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گرین پاکستان انیشیٹو کا کمال، بھکر کے ریتیلے ٹیلے جدید زرعی فارم میں تبدیل
اس جدید جینیاتی ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی دودھ اور گوشت کی صنعت میں عالمی معیار کے مطابق ترقی ممکن ہو سکے گی، جس سے ملکی معیشت کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
منصوبے کی عملی پیشرفت کے حوالے سے ڈیزی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیم ممبر شاہد سعید نے بتایا کہ رکھ غلاماں میں روہا فارم کے نام سے سائٹ کی ڈویلپمنٹ کا آغاز گزشتہ سال نومبر میں کیا گیا تھا۔
مختصر عرصے میں وہاں 10 سینٹرل پیوٹ نصب کیے جا چکے ہیں، جن کی مدد سے جدید آبپاشی کی جا رہی ہے اور ایک پیوٹ پر تو فصل بھی کٹائی کے لیے تیار ہے۔ اب تک رکھ غلاماں میں تقریباً 1500 ایکڑ رقبہ آباد کیا جا چکا ہے جبکہ بقیہ 500 ایکڑ پر کام تیزی سے جاری ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس جدید لائیو اسٹاک ماڈل سے نہ صرف عام کسان خوشحال ہوگا بلکہ پاکستان زرعی مصنوعات کی برآمدات میں بھی خود کفیل ہو سکے گا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










