جمعہ، 11-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/29هـ (11-09-2026م)

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

11 ستمبر, 2026 10:19

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قائد کے افکار پر عمل کرنے اور ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائد اعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کی اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے، جہاں 1896 میں بیرسٹری مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئے۔

اپنی قانونی قابلیت اور اصول پسندی کے باعث وہ جلد برصغیر کے ممتاز قانون دانوں میں شمار ہونے لگے اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سی فوڈ برآمدات میں تاریخی اضافہ، 568 ملین ڈالر کی نئی سطح پر پہنچ گئیں

وقت گزرنے کے ساتھ مسلمانوں کے سیاسی حقوق پر تحفظات کے باعث انہوں نے 1920 میں کانگریس سے علیحدگی اختیار کر لی اور 1913 سے مسلم لیگ کی قیادت سنبھال کر مسلمانوں کے سیاسی مستقبل کے لیے جدوجہد تیز کر دی۔

سال 1937 میں مولانا مظہرالدین نے انہیں قائد اعظم کا لقب دیا اور ان کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا، جس کے وہ پہلے گورنر جنرل بنے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم دنیا کے وہ ممتاز رہنما ہیں، جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ کر انتہائی نامساعد حالات میں مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کی بنیاد اسلامی اصولوں پر قائم ہے، جو بلا تفریق رنگ و نسل تمام شہریوں کو آزادی اور یکساں حقوق دیتی ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی پوری قوم کی اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔

قائد اعظم علالت کے باعث زیادہ عرصہ کام نہ کر سکے اور 11 ستمبر 1948 کو وفات پا گئے، جن کے اصول یعنی ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔