منگل، 12-مئی،2026
منگل 1447/11/25هـ (12-05-2026م)

روبینہ چانڈیو قتل کیس، سندھ اسمبلی میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قرارداد منظور

12 مئی, 2026 15:26

سندھ اسمبلی نے خیرپور میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی روبینہ چانڈیو کے واقعے کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی بلقیس مختار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔

سندھ اسمبلی نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی درندگی اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے۔

یہ قرارداد متحدہ قومی موومنٹ کی رکن بلقیس مختار نے پیش کی، جس میں خیرپور میں روبینہ چانڈیو کے بیہمانہ قتل کی شدید مذمت کی گئی۔

بلقیس مختار نے ایوان کو بتایا کہ پسند کی شادی کی اجازت قانون اور مذہب دونوں دیتے ہیں لیکن اس واقعے کو پولیو کی سرگرمی کا رنگ دے کر اصل حقائق چھپانے کی کوشش کی گئی اور ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر فیصلے جرگوں میں ہی ہونے ہیں تو عدالتوں کو تالا لگا دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ اسمبلی میں 190 ملین پاؤنڈز کی وفاق سے واپسی کی قرارداد منظور

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قاتلوں کو معاشرے سے خارج کر دینا چاہیے اور شہید بیٹی کو انصاف ملنا چاہیے۔

جماعت اسلامی کے محمد فاروق نے مطالبہ کیا کہ ایسے مجرموں کو سرعام سزائے موت دی جائے تاکہ دوسروں کو عبرت حاصل ہو۔

وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعے میں ملوث بیس افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں جرگہ کرنے والے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریاست کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مجرموں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔