جمعرات، 14-مئی،2026
جمعرات 1447/11/27هـ (14-05-2026م)

انفارمیشن وارفیئر اور ہائبرڈ جنگ کا مقابلہ ناگزیر ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا طلبہ سے خطاب

14 مئی, 2026 12:15

ڈی جی آئی ایس پی آر نے شفاء تعمیرِ ملت یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ قومی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور ڈیجیٹل دور کے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے اسلام آباد کی شفاء تعمیرِ ملت یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال خان، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے نہایت پرتپاک انداز میں کیا۔

یہ دورہ ایک خصوصی نشست کا حصہ تھا، جس کا مقصد نوجوان نسل کو قومی سلامتی کے پیچیدہ امور اور عصر حاضر کے نئے چیلنجز سے روشناس کروانا تھا۔ تقریب کے آغاز میں طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد پر والہانہ خوشی کا اظہار کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں بشمول دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور انفارمیشن وارفیئر یعنی معلوماتی جنگ پر سیر حاصل گفتگو کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آج کے دور میں دشمن روایتی ہتھیاروں کے بجائے ہائبرڈ وارفیئر اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کی جانب سے پوچھے گئے مشکل اور چبھتے ہوئے سوالات کے انتہائی مدلل اور تفصیلی جوابات دیئے، جس سے نوجوانوں کے ذہنوں میں موجود کئی ابہام دور ہوئے۔ اس نشست نے ثابت کیا کہ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان براہ راست مکالمہ ہی افواہوں کے خاتمے کا بہترین ذریعہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کے سابق عہدیدار کا پاکستانی قیادت کیلئے نوبل امن انعام کا مطالبہ

نشست کے شرکاء نے معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی سفارتی و عسکری فتح کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے عالمی سطح پر ملک کے وقار کو مزید بلند کر دیا ہے۔

اساتذہ اور طلبہ نے دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دشمن کے کسی بھی ہتھکنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے اس دور میں سوشل میڈیا پر کسی بھی معلومات کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی مستند ذرائع سے تصدیق کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال خان نے تقریب کے اختتام پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے استحکام کی ضامن ہے اور انہیں سلامتی کے امور میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

بالخصوص وزیرستان اور دیگر دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اس نشست کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے سیشنز سے دوریاں ختم ہوتی ہیں اور اتحاد کی فضا قائم ہوتی ہے۔

تمام شرکاء نے مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کو دہرایا کہ قوم اور فوج ایک پیج پر ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔