ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلہ، قتل اور زیادتی میں مطلوب تین ملزمان ہلاک

ساہیوال میں پولیس نے ایک مبینہ مقابلے کے دوران چودہ سالہ لڑکے کے اغوا، زیادتی اور قتل میں مطلوب تین خطرناک ملزمان کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوا۔
ساہیوال میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے ایک مبینہ مقابلے میں تین خطرناک ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف چودہ سالہ لڑکے حسن قادر کے اغوا، مبینہ زیادتی اور انتہائی بہیمانہ قتل کے الزام میں مقدمہ درج تھا۔
مارے جانے والے ملزمان کی شناخت عدنان مصلی، شوکت اور شعیب مصلی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان ملزمان نے معصوم حسن قادر کو اغوا کرنے کے بعد اسے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اس کا گلا کاٹ کر لاش کھیتوں میں پھینک دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی پولیس کو پنکی کی اہم ترین ساتھی بلیک اینجل کی تلاش، مختلف علاقوں میں چھاپے
کارروائی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل محمد بلال بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے مقتول حسن قادر کی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے، جو ملزمان کے قبضے میں تھی۔ مقابلے کے دوران دو نامعلوم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










