تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار

انسداد منشیات فورس نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف 9 بڑی کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہے۔
انسداد منشیات فورس نے ملک کے مختلف حصوں میں 9 کارروائیاں انجام دیں، جن کے نتیجے میں 11 خطرناک اسمگلرز اور ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ان کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 193 کلوگرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی مختلف منشیات برآمد کی گئی ہیں، جس کی عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مجموعی مالیت دو کروڑ آٹھ لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
پہلی کارروائی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ دس میں واقع ایک نامور یونیورسٹی کے بالکل قریب کی گئی، جہاں ایک مشکوک گاڑی سے چھ کلو گرام اعلیٰ درجے کی چرس برآمد ہوئی اور موقع پر تین ملزمان کو دھر لیا گیا، جنہوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ یونیورسٹی کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے پاس موجود میٹھائی کے ڈبے سے ایک اعشاریہ تین کلو گرام نشہ آور زینیکس گولیاں برآمد ہوئیں۔
اسلام آباد ٹول پلازہ پر ایک اور کارروائی میں ایک گاڑی سے چودہ اعشاریہ چار کلو چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی دوا ساز کمپنیاں دنیا بھر میں منشیات کے پھیلاؤ اور اموات کا باعث ہیں، عالمی جریدہ
اٹک کے قریب ہارو ٹول پلازہ پر ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس کے پاس سے سات اعشاریہ دو کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب مخبر کی اطلاع پر کارروائی کر کے ملزم سے چھ کلو چرس پکڑی گئی۔ سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس ایک اور کارروائی میں چار اعشاریہ اٹھ کلو چرس اور ڈیڑھ کلو گرام خالص افیون برآمد ہوئی۔
پشاور کے جی ٹی روڈ پر واقع ایک نامور کارگو آفس پر چھاپہ مار کر پھلوں کے ڈبوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی آٹھ اعشاریہ چار کلو چرس برآمد کی گئی۔
اسلام آباد ٹول پلازہ پر ہی ایک اور کارروائی کے دوران چار اعشاریہ اٹھ کلو چرس برآمد کر کے دو مزید ملزمان کو جیل کی ہوا کھلائی گئی۔
آخری اور سب سے بڑی کارروائی بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ظہور کالونی کے قریب کی گئی جہاں ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لینے پر اس میں سے ایک سو چالیس کلو گرام خالص افیون برآمد کی گئی، جو بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔
انسداد منشیات فورس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ انیس سو ستانوے کے تحت باقاعدہ مقدمات درج کر کے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی تلاش میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











