حافظ نعیم نے پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا

حافظ نعیم الرحمن نے ملک بھر میں نافذ پیٹرولیم لیوی اور نئی کلائمیٹ سپورٹ لیوی کو آئین اور بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے عدالت عالیہ میں دائر کی گئی اس آئینی درخواست میں ملک بھر میں نافذ العمل پیٹرولیم لیوی کے نظام اور حال ہی میں متعارف کردہ نئی اور متنازعہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کو بھی باقاعدہ طور پر چیلنج کردیا ہے۔
ایڈووکیٹ عمران شفیق کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے لگائی گئی یہ پیٹرولیم لیوی آئین پاکستان، پارلیمانی بالادستی، ملک کے وفاقی نظام، شہریوں کے بنیادی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے سراسر خلاف اور منافی ہے۔
درخواست میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی اب ایک محدود ریگولیٹری سرچارج نہیں رہی بلکہ یہ وفاقی حکومت کے لیے قومی خزانے کو بھرنے کا سب سے بڑا ریونیو اور کمائی کا ذریعہ بن چکی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کو پارلیمنٹ کی منظوری کے بجائے مسلسل یکطرفہ ایگزیکٹو نوٹیفکیشنز اور ایس آر اوز کے ذریعے غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا ہے۔
درخواست کے مطابق اس وقت ملک میں پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی تقریباً 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ صرف یہ پیٹرولیم لیوی ہی پیٹرول کی بنیادی ایکس ریفائنری قیمت کا تقریباً بیالیس سے تالیس فیصد بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی صارفین سے 19 کھرب روپے ٹیکس وصولی کا انکشاف
درخواست دائر کرنے کے بعد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے آئینی عدالت میں پیٹرولیم لیوی اور توانائی کے شعبے میں عوام کے ساتھ ہونے والی بدترین زیادتی کو چیلنج کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایکس ریفائنری قیمت میں بیالیس سے تالیس فیصد صرف لیوی شامل ہو تو پھر پیٹرولیم کی اصل قیمتوں سے اس لیوی کا کوئی جائز تعلق نہیں رہ جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اب تک غریب عوام کی جیبوں سے ہزاروں ارب روپے اس لیوی کے نام پر بٹور چکی ہے، حالانکہ قانون کے مطابق اس لیوی کی رقم کو ملک کی ریفائنریز کی اپ گریڈیشن اور ان کو جدید بنانے پر خرچ کرنا تھا لیکن ریفائنریز اپ گریڈ نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو آج بھی اربوں ڈالر کا ریفائنڈ تیل باہر سے امپورٹ کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ بہانہ بناتی ہے کہ یہ لیوی بین آئی ایم ایف کے کہنے پر لگائی گئی ہے، تو کیا مریم نواز کا اربوں روپے کا نیا جہاز بھی آئی ایم ایف کے کہنے پر خریدا گیا ہے؟
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف 22 مئی کو ملک گیر بھرپور احتجاج کرے گی اور عید کے بعد پورے ملک میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے تمام سڑکوں کو جام کر دیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








