ناروے میں نریندر مودی کے سوالات سے فرار پر غیر ملکی صحافیوں کا شدید احتجاج

ناروے میں نریندر مودی کے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیئے بغیر پریس کانفرنس سے اچانک چلے جانے پر غیر ملکی میڈیا نے شدید احتجاج کیا ہے۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اس وقت ایک انتہائی غیر معمولی اور کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی، جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کے بعد صحافیوں کے تیکھے سوالات کا سامنا کیے بغیر پریس کانفرنس سے اچانک روانہ ہو گئے۔
بھارتی وزیر اعظم کے اس طرح سوالات سے فرار اختیار کرنے پر ناروے کے مقامی اور غیر ملکی صحافیوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور ایک رپورٹر نے مودی کے جاتے ہی بلند آواز میں احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس واقعے کے بعد اوسلو میں بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے رکھی گئی خصوصی بریفنگ کے دوران ماحول اس وقت مزید خراب ہو گیا، جب ایک غیر ملکی صحافی نے بھارتی وفد کے سامنے کھڑے ہو کر سیدھا اور کڑا سوال داغ دیا کہ آخر دنیا آپ پر اور آپ کے وعدوں پر کیوں اعتماد کرے۔
ناروے کے نڈر رپورٹر نے بھارتی حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید پوچھا کہ آپ لوگ اپنے ملک میں دنیا کے سب سے آزاد اور خودمختار پریس کے سوالات کا سامنا کرنے سے کیوں بھاگتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی عدالت نے تاریخی مسجد کو مندر قرار دے کر ہندوؤں کو پوجا کی اجازت دے دی
اس سخت سوال پر وہاں موجود بھارتی وزارت خارجہ کے سیکریٹری مکمل طور پر بوکھلا گئے اور وہ براہِ راست جواب دینے کے بجائے جمہوریت، بھارتی آئین، تاریخ اور کورونا وبا کے دوران دنیا کو دی جانے والی امداد کا راگ الاپنے لگے لیکن صحافی کے اصل سوال کا کوئی ٹھوس جواب نہ دے سکے۔
بھارتی حکام کی اس غیر سنجیدگی اور لیت و لعل پر پریس کانفرنس کا ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا اور متعلقہ صحافی احتجاج کرتے ہوئے ہال سے باہر نکل گیا، اگرچہ وہ بعد میں واپس آ گیا لیکن بھارتی وفد کی سبکی ہو چکی تھی۔
اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی حکام کے اس جواب کا شدید مذاق اڑایا جا رہا ہے اور صارفین کہہ رہے ہیں کہ بھارتی وزارت خارجہ کے سیکریٹری کسی عالمی بریفنگ میں نہیں بلکہ انجینئرنگ کے زبانی امتحان کے رٹا رٹایا جواب دے رہے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی حکام نے ملک پر اعتماد کی وجہ بتانے کے بجائے جواب میں یوگا، پرانی تہذیب، بھارتی ثقافت اور اچار تک کا ذکر کر ڈالا، مگر وہ ایک بھی ایسی ٹھوس وجہ نہ بتا سکے، جس سے دنیا کا پریس مطمئن ہو پاتا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












