اتوار، 14-جون،2026
اتوار 1447/12/28هـ (14-06-2026م)

قربانی کے جانور کو گھر لانے کے بعد بیمار ہونے سے کیسے بچایا جائے؟ ماہرین نے طریقہ بتادیا

20 مئی, 2026 08:46

عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں تیزی آ گئی ہے۔

شہری بڑے شوق سے جانور خرید کر گھروں میں لا رہے ہیں، لیکن اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ جانور گھر پہنچتے ہی بیمار پڑ جاتے ہیں یا کھانا پینا کم کر دیتے ہیں۔ ویٹرنری ماہرین نے اس مسئلے کی اہم وجوہات اور احتیاطی تدابیر بتا دی ہیں۔

ویٹرنری ڈاکٹرز کے مطابق قربانی کے جانور جب دور دراز علاقوں سے لمبا سفر کر کے منڈیوں اور پھر گھروں تک پہنچتے ہیں تو وہ شدید تھکن اور دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ایسے جانوروں کو فوری طور پر زیادہ خوراک دینا یا مسلسل لوگوں کے درمیان رکھنا ان کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جانور کو گھر لانے کے بعد سب سے پہلے اسے آرام دینا چاہیے۔ اگر جانور نے کئی گھنٹوں کا سفر کیا ہو تو اسے کم از کم اتنا ہی وقت سکون والی جگہ پر گزارنے دیا جائے تاکہ وہ نئے ماحول سے خود کو ہم آہنگ کر سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ شدید گرمی میں جانوروں کو دھوپ میں باندھنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ جانوروں کے لیے سایہ دار اور ہوا دار جگہ کا انتظام کرنا ضروری ہے۔ نرم زمین یا مٹی والی جگہ جانور کے آرام کے لیے بہتر سمجھی جاتی ہے۔

ویٹرنری ماہرین نے کہا کہ اکثر گھروں میں بچے اور بڑے شوق میں جانور کے ارد گرد شور شرابہ کرتے رہتے ہیں۔ اس سے جانور مزید خوف اور پریشانی محسوس کرتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو جانوروں کے ساتھ نرمی اور محبت سے پیش آنے کی تربیت دیں۔

ڈاکٹرز نے مختلف دیسی ٹوٹکوں سے بھی منع کیا ہے۔ بعض لوگ جانور کو زیادہ کھلانے کے لیے مرچیں یا غیر ضروری چیزیں دیتے ہیں، جو اس کے معدے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ قربانی کے جانور کو صرف متوازن خوراک، سبز چارہ اور صاف پانی دینا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ گرمی کے موسم میں گڑ ملا پانی یا گلوکوز والا پانی جانور کو فوری توانائی فراہم کرتا ہے اور اس کے جسم میں پانی کی کمی کو بھی کم کرتا ہے۔ تاہم خوراک اچانک زیادہ مقدار میں تبدیل نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس سے ہاضمے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ویٹرنری ڈاکٹرز کے مطابق اگر جانور بار بار پانی کا برتن گراتا ہو، تیز سانس لے رہا ہو یا بے چین نظر آئے تو یہ شدید گرمی یا ہیٹ اسٹریس کی علامات ہو سکتی ہیں۔ ایسی صورت میں جانور کو ٹھنڈی جگہ منتقل کرنا اور فوری دیکھ بھال کرنا ضروری ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے ساتھ شفقت کا برتاؤ کریں اور کسی بھی بیماری یا کمزوری کی صورت میں فوری طور پر مستند ویٹرنری ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ جانور صحت مند اور محفوظ رہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔