ڈی جی آئی ایس پی آر کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ کیساتھ خصوصی نشست

ڈی جی آئی ایس پی آر کی 200 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، داخلی صورتحال اور معلوماتی جنگ جیسے اہم چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عسکری ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں نیشنل سیکیورٹی اینڈ اسٹریٹجک لیڈرشپ ورکشاپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل احمد شریف چوہدری نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ڈینز، رجسٹرارز اور سینئر اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی اور تفصیلی نشست کی ہے۔
قومی ورکشاپ میں پاکستان کی 200 سے زائد سرکاری و نجی جامعات کے سربراہان اور اعلیٰ اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ لاہور، کراچی، پشاور، مظفرآباد، ملتان اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے تحت آن لائن بھی شرکت کو یقینی بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک کی مجموعی داخلی صورتحال، بالخصوص سیکیورٹی اور قومی سلامتی کے حوالے سے درپیش مختلف چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی اور اساتذہ کو اہم ترین امور سے آگاہ کیا۔
تعلیمی ماہرین اور وائس چانسلرز نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے دفاع، استحکام اور سلامتی کے لیے ایک قابل فخر اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو پاک افواج کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے عظیم فتح نصیب ہوئی ہے اور پوری قوم کو اس بات پر مکمل بھروسہ اور یقین ہے کہ ملکی دفاع انتہائی مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت کی جنگ روایتی نہیں، بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر
ورکشاپ کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاک فوج پر نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی فخر ہے، جو اس کی طرف امید کی نظروں سے دیکھتے ہیں۔
تعلیمی ماہرین نے اعتراف کیا کہ اس معلوماتی نشست کے ذریعے انہیں نئی نسل اور خاص طور پر جامعات کے طلباء کو ملک دشمن عناصر کے منفی پروپیگنڈے سے بچانے اور ان تک درست معلومات پہنچانے کے حوالے سے ایک واضح اور ٹھوس رہنمائی حاصل ہوئی ہے۔
شرکاء نے اس بات کی تائید کی کہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی طبقے کو قومی سلامتی، معلوماتی جنگ اور ملک کو درپیش معاصر چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی آگہی فراہم کی گئی ہے، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تعلیمی دنیا اور افواج پاکستان کے درمیان قائم کیا گیا یہ رابطہ ملکی بقا کے لیے ناگزیر ثابت ہوگا کیونکہ موجودہ دور میں دشمن براہ راست جنگ کے بجائے ذہنی محاذ پر حملہ آور ہے۔
ورکشاپ کے تمام شرکاء نے ملک بھر کے وائس چانسلرز اور دانشوروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اس دور اندیش اقدام کو بے حد سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے رابطے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ نظریاتی محاذ پر ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











