بے نظیر انکم سپورٹ میں اضافہ، پیٹرولیم لیوی بھی بڑھے گی؛ آئی ایم ایف اور حکومت کا اتفاق

Sudden important decision by the government regarding the Benazir Income Support Programme
اسلام آباد: آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے درمیان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی ماہانہ رقم 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کرنے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ مذاکرات کے لیے پاکستان آئی آئی ایم ایف مشن کا دورہ دو مزید دن کے لیے بڑھا دیا گیا ہے کیونکہ چند نکات پر مذاکرات ابھی جاری ہیں۔
پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے آئی ایم ایف نے 18 فیصد تک اضافے کی سفارش کی ہے جس کے بعد لیوی 100 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کا ہدف 1730 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سال میں دو بار اضافے کی شرط بھی برقرار ہے۔
ایف بی آر کے لیے آئندہ مالی سال ٹیکس وصولی کا ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ دسمبر 2026 تک نصف سالہ ہدف 7022 ارب روپے ہے جبکہ ٹیکس آڈٹس سے 95 ارب روپے اضافی وصولی کا منصوبہ ہے۔ چینی، سیمنٹ، تمباکو اور کھاد کے شعبوں سے 50 ارب روپے کی وصولی متوقع ہے۔ صوبوں کو 430 ارب روپے اضافی ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف دیا گیا ہے اور صوبوں سے 2 ٹریلین روپے کا سرپلس وفاق کو دینے کی توقع ہے۔
ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 986 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ صوبائی ترقیاتی بجٹ 2.1 ٹریلین سے بڑھ کر 2.5 ٹریلین روپے ہو سکتا ہے۔ دفاعی بجٹ 2564 ارب سے بڑھ کر 2665 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔ سود کی ادائیگیاں 7.8 ٹریلین روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
معاشی اعداد و شمار کے حوالے سے آئندہ مالی سال معاشی ترقی کی شرح 3.5 فیصد اور اوسط مہنگائی 8.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔ پاکستان کی بیرونی مالیاتی ضروریات 21.2 ارب ڈالر رہنے کا اندازہ ہے۔ آئی ایم ایف نے خصوصی اقتصادی زونز کو نئی ٹیکس چھوٹ نہ دینے اور 2035 تک ان کی مراعات ختم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









