26 نومبر احتجاج کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 23 جولائی تک توسیع

عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے دوران درج ہونے والے مختلف مقدمات میں بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 جولائی تک کی توسیع کا حکم جاری کر دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے دوران درج ہونے والے 12 مقدمات کے معاملے پر اہم سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی، جہاں بشریٰ بی بی کی جانب سے ان کے قانونی نمائندے انصر کیانی ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور ضمانت قبل از گرفتاری کے حق میں دلائل دیے۔
عدالت نے فریقین کے مؤقف اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 23 جولائی تک توسیع کرنے کا فیصلہ سنایا۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا معاملہ، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل دائر
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی پر تحریک انصاف کے کارکنان کو احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف اشتعال دلانے سمیت دیگر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ان الزامات کے تحت اسلام آباد کے مختلف تھانوں بشمول تھانہ رمنا، تھانہ ترنول اور تھانہ سیکرٹریٹ میں بشریٰ بی بی کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے ان تمام بارہ مقدمات میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











