منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

امریکہ کے جنوبی ایران پر فضائی حملے، میزائل لانچنگ پیڈز اور کشتیاں تباہ کرنے کا دعویٰ

26 مئی, 2026 08:29

امریکی فوج کی مرکزی کمانڈ (سینٹ کام) نے جنوبی ایران میں فضائی حملے کرنے کی تصدیق کی ہے، جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بندر عباس اور دیگر ساحلی علاقوں میں یکے بعد دیگرے کئی زور دار دھماکے سنے گئے ہیں۔

جنوبی ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں منگل کی علی الصبح یکے بعد دیگرے تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں بندر عباس ہوائی اڈے کے قریب سنی گئیں جس کے بعد دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ایران کا فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا گیا۔

ایران کی سرکاری اور نیم سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب سیریک اور جاسک کے علاقوں میں بھی ایسے ہی دھماکے سنے گئے، جبکہ ایرانی مسلح افواج نے اس سے قبل خلیج فارس کے علاقے میں ایک دشمن ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران، عراق اور کویت سمیت خلیجی بحری راستوں پر جی پی ایس سگنلز جام

دوسری جانب امریکی فوج کی مرکزی کمانڈ (سینٹ کام) نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی فورسز نے جنوبی ایران میں اپنے دفاع کے لیے فضائی حملے کیے ہیں۔

امریکی ترجمان ٹموتھی ہاکنز کے مطابق ان حملوں میں ایران کے میزائل داغنے والے مقامات اور بارودی سرنگیں بچھانے والی ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ بندی اور امن مذاکرات کے باوجود امریکی افواج پر ایرانی خطرات موجود تھے، جس کے جواب میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ہی اس اہم آبی گزرگاہ کے قریب امریکی افواج کو ایران کا جواب دینے کا اختیار دے رکھا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔