بدھ، 27-مئی،2026
بدھ 1447/12/10هـ (27-05-2026م)

بھارتی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی ناقابلِ برداشت ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

27 مئی, 2026 14:16

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی ناقابلِ برداشت ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کا معائنہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے ہمراہ عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جبکہ اس موقع پر ملک کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ تیاری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ بزدلانہ دہشتگرد حملے کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں نہ قوم کے حوصلے پست کر سکتی ہیں اور نہ ہی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کے تعاون سے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا آخری حد تک تعاقب جاری رکھا جائے گا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فوج وطنِ عزیز کو درپیش ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے جبکہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔