ایران نے کم بجٹ ہونے کے باوجود سب سے زیادہ سائنسی مقالے تیار کرکے دنیا میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

نئے اعداد و شمار کے مطابق ایران نے انتہائی کم بجٹ کے باوجود تحقیقی مقالوں کی تیاری میں امریکہ اور چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ایرانی سائنسدانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ذہنی صلاحیت اور علمی کارکردگی دنیا کے بڑے بڑے تحقیقی بجٹ پر بھاری پڑ سکتی ہے۔
اسلامک ورلڈ سائنس سائٹیشن اینڈ مانیٹرنگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جب دنیا بھر میں خرچ کیے گئے ڈالر کے مقابلے میں تیار ہونے والے سائنسی مقالوں کی تعداد کو ماپا گیا تو ایران نے عالمی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا۔
یہ درجہ بندی خالصتاً علمی کارکردگی پر مبنی ہے، جس میں دستیاب فنڈز کے مقابلے میں سائنسی نتائج کو دیکھا جاتا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کے صدر محمد مہدی علویان مہر نے نے کہا کہ ایران نے ثابت کیا کہ انسانی دماغی صلاحیت مالی حدود کو شکست دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے کینسر کے سستے علاج کیلئے کم سائیڈ ایفیکٹس والی مشین تیار کرلی
2025 میں ایرانی محققین نے 78 ہزار سے زائد سائنسی دستاویزات تیار کیں۔ ایران اپنے ساڑھے تیرہ ارب ڈالر کے تحقیقی بجٹ کے ساتھ ہر ایک ارب ڈالر کے عوض تقریباً 5 ہزار 824 مقالے تیار کرتا ہے۔
اس کے مقابلے میں چین نے 13 لاکھ سے زائد دستاویزات تیار کیں لیکن اپنے کھربوں ڈالر کے بجٹ کے باعث وہ فی ارب ڈالر صرف ایک ہزار 309 مقالے ہی بنا سکا۔
امریکہ اپنے ایک ہزار 60 ارب ڈالر کے بھاری سرمایہ کے ساتھ فی ارب ڈالر صرف 721 مقالے ہی پیدا کر پایا۔ جرمنی، جاپان اور برطانیہ جیسے صنعتی ممالک بھی اس کارکردگی میں ایران سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ اب اگلا ہدف ان تعلیمی مقالوں کو صنعتی حل اور ایجادات میں تبدیل کرنا ہے تاکہ ملک کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












