اتوار، 14-جون،2026
اتوار 1447/12/28هـ (14-06-2026م)

اتوار کو دستخط کی تاریخ طے نہیں، ایرانی وفد کہیں نہیں جا رہا، اسماعیل بقائی

14 جون, 2026 09:19

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ زیر بحث مفاہمت کی یادداشت کا بنیادی مقصد جنگ کا خاتمہ ہے، امریکی صدر کے اتوار کو دستخط کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دستخط کی تاریخ ابھی حتمی نہیں ہوئی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ زیر بحث مفاہمت کی یادداشت ایران اور امریکا کے درمیان کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہے، بلکہ یہ صرف ایک فریم ورک ہے جو وسیع تر اختلافات کے شعبوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دستاویز کا مقصد لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ ہے، نہ کہ تمام دیرینہ مسائل کو حل کرنا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ معاہدے پر آج دستخط ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

ترجمان کے مطابق جوہری معاملے پر بات چیت اگلے مرحلے میں 60 دنوں کے اندر شیڈول ہے اور موجودہ وقت میں اس کی تفصیلات پر غور نہیں کیا جا رہا۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ اس وقت ایرانی جہازوں پر حملوں اور آبنائے ہرمز جیسے معاملات پر بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے امریکی صدر کے اتوار کو دستخط کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دستخط کی تاریخ ابھی حتمی نہیں ہوئی، آنے والے دنوں میں یہ دستاویز تیار ہو سکتی ہے لیکن اتوار دستخط کا دن نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگلے دو روز میں ایرانی وفد کا جنیوا یا کسی اور جگہ جانے کا کوئی پلان نہیں ہے۔ ترجمان نے خطے کی سیکیورٹی کے لیے غیر ملکی افواج کے خاتمے اور ایرانی فنڈز کی واپسی کو کسی بھی مفاہمت کا لازمی حصہ قرار دیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔