حافظ نعیم الرحمان کا پیٹرول کی قیمت 225 روپے سے نیچے لانے کیلئے گاڑی بند احتجاج کا اعلان

حافظ نعیم الرحمان نے وفاقی اور صوبائی بجٹ کو روایتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں نجی اور میڈیا ملازمین کے لیے کوئی ریلیف نہیں رکھا گیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں عام اور نجی ملازمین کے لیے بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، جبکہ میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے والے کیمرہ مین، رپورٹرز اور ڈیسک ملازمین کو بلکل نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے میڈیا چینلز میں اشتہارات کی کوئی کمی نہیں لیکن اس کے باوجود کئی سالوں سے ورکرز کی تنخواہیں نہیں بڑھائی گئیں، اس لیے میڈیا ورکرز کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے بجٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا پیش کردہ بجٹ پرانا رواج ہے، جس میں ہمارا آدھا بجٹ سود کی نذر ہو رہا ہے، جبکہ سود اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے محدود دفاعی بجٹ کے باوجود بھارت پر عسکری برتری ثابت کی، عالمی رپورٹ
انہوں نے بتایا کہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے صرف 7 فیصد اضافہ کیا گیا، جبکہ مہنگائی میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، دوسری طرف پارلیمنٹ کے ارکان کی تنخواہوں میں 300 سے 400 روپے اضافہ ہو رہا ہے جو کہ ایک بدترین اور ظالمانہ نظام ہے۔
انہوں نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لڑائی صرف دکھاوا ہے اور یہ مل کر کام کرتے ہیں، حکمران خود 45 ہزار روپے تنخواہ میں ایک ماہ کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو سے گلگت میں 20 لاکھ گھر بنانے کے اعلان کا حساب مانگتے ہوئے کہا کہ یہ سب صرف پیسہ ہڑپنے کا ذریعہ ہے، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ نے بھی کراچی کو کبھی کچھ نہیں دیا اور وہ صرف آپس میں لڑتی ہے۔
انہوں نے پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کرنے اور انہیں فکس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں قیمتیں آئی ایم ایف کے فیصلے پر بدلتی ہیں۔
انہوں نے اپنے ورکرز سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کی کال کے لیے تیار رہیں اور اعلان ملتے ہی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کر کے انجن بند کر دیں تاکہ حکومت کو پیٹرول کی قیمت 225 روپے سے بھی نیچے لانے پر مجبور کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










