پیر، 22-جون،2026
پیر 1448/01/07هـ (22-06-2026م)

ایران امریکہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے، مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعظم

22 جون, 2026 14:36

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایم او یو کے تحت پہلی اعلیٰ سطح کمیٹی کا اجلاس سوئزرلینڈ میں کامیابی سے ختم ہو گیا، آئندہ 60 دنوں میں حتمی معاہدے کے روڈ میپ پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک اہم بیان میں بتایا ہے کہ اسلام آباد ایم او یو کے تحت پہلی اعلیٰ سطح کمیٹی کا اجلاس سوئزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات انتہائی مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئے، جن میں انتہائی حوصلہ افزا پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ اجلاس کے دوران آئندہ 60 دنوں کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ سیاسی نگرانی فراہم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے اور مزید تکنیکی مذاکرات شروع کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے امریکہ اور ایران دونوں ممالک کی قیادت کو اس تعمیری رابطے اور مسلسل عزم پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنے والے تمام برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر مسعود پزشکیان کل ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

انہوں نے برادر ملک قطر کی ثالثی میں مدد کرنے اور سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے ان مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی انتھک کاوشوں نے ان مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ آرمی چیف کی لگن، عزم اور ثابت قدمی واقعی قابلِ ستائش ہے اور ان کی کوششوں کے بغیر یہ بڑی پیش رفت ممکن نہ تھی۔

اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کو ان کی سفارتی کوششوں اور دفترِ خارجہ کی ٹیم کو ان کی بہترین خدمات پر دلی مبارکباد اور تشکر پیش کیا۔

انہوں نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا، جنہوں نے ان مذاکرات کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے عزم دہرایا کہ پاکستان پُرامن اور دیرپا حل کے حصول کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ میں اپنا مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔