بدھ، 24-جون،2026
بدھ 1448/01/09هـ (24-06-2026م)

وفاقی حکومت نے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر عائد ایڈوانس ٹیکس کی شرح کم کرنے کی منظوری دیدی

24 جون, 2026 12:07

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے فنانس بل کے تحت پراپرٹی کی خرید و فروخت پر عائد ایڈوانس ٹیکس کی شرح کم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئی شرحیں یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔

نئے فیصلے کے مطابق غیر منقولہ جائیداد فروخت کرنے والوں پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح کم کر دی گئی ہے۔ یکم جولائی سے فروخت کنندہ کو جائیداد کی مجموعی قیمت کا 2.75 فیصد بطور ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

اسی طرح جائیداد خریدنے والوں کیلئے بھی ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔ خریدار اب پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو پر 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس ادا کریں گے۔

فنانس بل میں مختلف کاروباری اداروں کیلئے بھی نئے ٹیکس اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ بینکنگ کمپنیوں اور کھاد کے شعبے میں کام کرنے والی ایسی کمپنیوں کی سالانہ آمدنی اگر 15 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگی تو ان پر 10 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ دیگر تمام کارپوریٹ کمپنیوں پر بھی نئی ٹیکس شرح مقرر کی گئی ہے۔ جن کمپنیوں کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگی، انہیں 8 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے ٹیکس نظام کو مزید منظم بنایا جائے گا اور قومی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

فنانس بل میں تنخواہ دار طبقے کیلئے بھی انکم ٹیکس کی نئی شرحیں تجویز کی گئی ہیں۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدنی رکھنے والے افراد بدستور انکم ٹیکس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے ملازمین پر صرف ایک فیصد انکم ٹیکس لاگو ہوگا، جو پہلے کے مقابلے میں کم شرح ہے۔

اسی طرح 12 لاکھ سے 22 لاکھ روپے سالانہ آمدنی رکھنے والے افراد کو 6 ہزار روپے مقررہ ٹیکس کے ساتھ 12 لاکھ روپے سے زائد آمدنی پر 11 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ جبکہ 22 لاکھ سے 32 لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے افراد کیلئے اضافی آمدنی پر ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کر دی گئی ہے۔ اس طبقے کو 1 لاکھ 16 ہزار روپے مقررہ ٹیکس کے علاوہ 22 لاکھ روپے سے زائد آمدنی پر 20 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔