مسائل حل نہ ہوئے تو پھر ‘کراچی ایکشن کمیٹی’ بھی بنے گی، شہر وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ آئے گا، فاروق ستار

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے ملک میں قومی مصالحت اور نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کراچی ایکشن کمیٹی بننے کا انتباہ بھی دے دیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے ملکی سیاسی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم 100 فیصد اپوزیشن کو غلط کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی 100 فیصد خود کو درست ثابت کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ دونوں جانب سے بڑی غلطیاں ہوئی ہیں اور کوئی بھی دودھ کا دھلا نہیں ہے۔ ہمیں اس وقت پوری دنیا میں عزت و احترام مل رہا ہے، لیکن اگر ہمارے اپنے ملک کے اندر آئین پر عمل نہیں ہو رہا، تو ہمیں اپنے گریبان میں ضرور جھانکنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں خواتین کی بس کے سامنے نازیبا حرکت کرنے والا ملزم گرفتار
فاروق ستار نے شکوہ کیا کہ آئین کے اہم آرٹیکل 7، آرٹیکل 32 اور آرٹیکل 40 اے پر پارلیمنٹ میں کوئی بھی بات کرنے کو تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت ایک بڑی قومی مصالحت، قومی مفاہمت اور ایک نئے عمرانی معاہدے کی سخت ضرورت ہے۔
انہوں نے وفاق کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے فوری طور پر عوامی اور شہری مسائل کی طرف توجہ نہ دی تو بہت جلد یہاں کراچی ایکشن کمیٹی بھی بن جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج آپ نے مسائل کو ایڈریس نہ کیا تو پھر کراچی سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں سے بھی انہیں وفاق کے زیر انتظام کرنے کا شدید مطالبہ سامنے آئے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








